مذاکرات میں اپنے اصولی موقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے؛ عراقچی
ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچـی نے جمعرات 15 مئی کو تہران کے بین الاقوامی کتب میلے میں وزارت خارجہ کے اسٹال میں نامہ نگاروں اور حاضرین کے سوالات کے جواب دیئے۔
سحرنیوز/ایران: ایران کے وزیر خارجہ سیدعباس عراقچی نے کہا کہ فریق مقابل اگر ہماری ایٹمی تنصیبات ختم کردینے پر قادر ہوتا تو وہ مذاکرات کی ضرورت محسوس نہ کرتا۔ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کی دفاعی اور میزائلی توانائی، مذاکرات کاروں کو قوت عطا کرتی ہے کیوںکہ یہ توانائی فریق مقابل کو فوجی حملے سے مایوس اور منصرف کرتی ہے۔
عراقچی نے کہا کہ اگر امریکی پابندیوں کے ذریعے ایران کو جھکانے پر قادر ہوتے تو یہ کوشش جاری رکھتے اور مذاکرات نہ کرتے۔
ایران کے مذاکراتی وفد کے سربراہ سید عباس عراقچی نے مزيد کہا کہ یورینیئم کی افزودگی سمیت، ایرانی عوام کے ایٹمی حق کا دفاع ہمارا بنیادی اصول اور موقف ہے جس سے نہ ہم میڈيا کے سامنے اور نہ ہی مذاکرات کی میز پر، کہیں بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ یہ عوام کا حق جس سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔