غزہ کی نسل کشی اور صیہونی حکومت کے جرائم میں امریکہ بھی شریک ہے؛ ایروانی
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے امیر سعید ایروانی نے یوم نکبہ کی برسی کے موقع پر اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جاری جرائم کا ذکر کرتے ہوئے ان اقدامات کو نسل کشی کا واضح مصداق قرار دیا اور امریکہ کو ان جرائم میں برابر کا شریک قرار دیا-
سحرنیوز/ایران: اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے امیر سعید ایروانی نے روز نکبت کی مناسبت سے اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس میں کہا کہ ایسے میں کہ جب ہم اس اجلاس میں اکٹھا ہیں، اسرائیلی حکومت، امریکہ کی حمایت اور مدد سے، جان بوجھ کر اقوام متحدہ کے اسکولوں، بچوں، اسپتالوں، صحافیوں، عملے وغیرہ کو نشانہ بنا رہی ہے اور اب تک تقریباً ساٹھ ہزار افراد شہید اور بہت سے زخمی اور لاپتہ ہو چکے ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی سفارت کار نے مزید کہا کہ جارح صیہونی حکومت کے گھناؤنے جرائم کے ثبوت ناقابل تردید ہیں اور عالمی برادری، عالمی عدالت انصاف اور دیگر بااختیار عدالتی حکام صیہونی بربریت کے تمام پہلوؤں سے بخوبی واقف ہیں۔ایروانی نے فلسطینی عوام کے جائز اور قانونی دفاع اور ان کے وطن واپسی کے ناقابل تردید حق پر تاکید کرتے ہوئے مزید کہا کہ صیہونی حکومت اور اس کے حامی عناصر، لاکھوں فلسطینیوں کے بے گھر ہونے، بچوں کے یتیم ہونے، خاندانوں کے سوگوار ہونے اور ان کی روز مرہ کی زندگیوں کی تباہی وبربادی کا بنیادی سبب ہيں اور یہی عناصر ، فلسطین اور خطے میں عدم استحکام کے حقیقی ذمہ دار ہیں۔
اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر اور مستقل نمائندے نے خبردار کیا کہ ایسے میں جبکہ عالمی برادری نے فلسطینی عوام کے خلاف حکومت کے حملوں کو بند کرنے کا بارہا مطالبہ کیا ہے، لیکن صیہونی حکومت اور اس کے حامی اس غلط فہمی میں ان جرائم کو بڑھا رہے ہیں کہ انہيں ان کے جرائم کی سزا نہیں ملے گی اور وہ اپنے جھوٹے دعووں اور پروپیگنڈوں کے سائے میں اپنے جرائم میں روز بروز شدت لا رہے ہيں۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیرسعید ایروانی نے یوم النکبہ کی برسی کے موقع پر اقوام متحدہ کی خصوصی نشست میں صیہونی حکومت نے گزشتہ 7 دہائیوں سے فلسطینی عوام کا مسلسل قتل عام کیا ہے جس میں امریکہ بھی مکمل طور پر ملوث ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے زور دیکر کہا کہ ڈھائے جانے والے مظالم نے جسمانی اور نفسیاتی لحاظ سے فلسطینیوں کو لہو لہان کردیا ہے اور آج بھی انہیں نکبہ جیسے حالات کا بدستور سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے انتباہات کے باوجود صیہونی حکومت اور اس کے حامی پوری دیدہ دلیری کے ساتھ اپنے جرائم اور مظالم جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ انہیں امریکی حکومت کی طرف سے سزا نہ ملنے کا اطمینان دلایا گیا ہے۔امیرسعید ایروانی نے کہا کہ امریکہ کا ہاتھ بھی فلسطینیوں کے خون سے رنگا ہوا ہے۔