Jun ۰۴, ۲۰۲۵ ۰۷:۳۲ Asia/Tehran
  • امام خمینی نے ایرانی قوم کو عزت وسربلندی کا راستہ دکھایا؛ صدر مملکت پزشکیان

معمار انقلاب اسلامی کی برسی کی مناسبت سے منگل کی شب امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار پر عوامی اجتماع سے صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی نے ایرانی قوم کو عزت و سربلندی کی راہ دکھائی اور ان میں خود اعتمادی پیدا کی۔

سحرنیوز/ایران: صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے منگل کی رات حضرت امام خمینی کی برسی کی مناسبت سے، ان کے مزار اقدس میں ایک اجتماع سے خطاب میں کہا کہ امام رحمت اللہ علیہ نے اپنے عمل، طرز زندگی اور اپنی گفتار سے ہمیں عزت اور سربلندی کا راستہ دکھایا اور ایران کو خود اعتمادی عطا کی۔
صدر پزشکیان نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ امام طاب ثراہ نے عوام  اور مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یک جہتی کی تاکید کی، کہا کہ اختلاف و تفرقے سے دوری اور اتحاد و وحدت میں ہی ہماری کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا اتحاد و یکجہتی دشمنوں کو شکست دے گی اور اگر مسلم ممالک متحد ہوجائيں تو اسرائیل ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ صدر ایران نے کہا کہ آپ امام کے نام پر دور دراز سے یہاں جمع ہوئے ہیں، ہم امام سے عہد کرتے ہیں کہ انقلاب کے راستے کو فراموش نہیں کریں گے اور اس پر گامزن رہیں گے۔
صدر پزشکیان نے کہا کہ  امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے حکومت اور پارلیمنٹ کو تاکید کی کہ عوام کی قدر کریں اور ان کی  بالخصوص کمزور رکھے گئے اور ستم رسیدہ لوگوں کی خدمت میں کوتاہی نہ کریں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ آج امریکا، اسرائیل اور ان کے سبھی زرخرید عوامل ہمارے ملک میں اختلاف و تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ اس ملک میں وہ کارروائیاں انجام دے سکیں جو ان کے مد نظر ہیں۔

ٹیگس