ایران کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام ایک خط میں صہیونی حکومت کے حملے کو "جارحیت" قرار دیتے ہوئے فوری طور پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
سحر نیوز/ ایران:ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے خط میں واضح کیا ہے کہ ایران کے فوجی مراکز، جوہری تنصیبات اور رہائشی علاقوں پر حملے میں کئی فوجی کمانڈر، اساتذہ، خواتین اور معصوم بچے شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔
یہ حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ یہ ، ایک ایسے خودمختار ملک پر مسلح جارحیت ہے جو اقوام متحدہ کا باضابطہ رکن ہے، سلامتی کونسل کو فوری طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرنی چاہیے اور صہیونی حکومت کو جواب دہ بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
سید عباس عراقچی نے یاد دلایا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی شق اکیاون کے تحت اپنی سرزمین کے دفاع کا مکمل قانونی حق حاصل ہے اور ایران اپنے دفاع سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گا۔