سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی جانب سے اسرائیل پر جوابی میزائل حملے کی تفصیلات جاری
سپاہ پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر میزائل حملے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی فضائی اڈے اور عسکری مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سحرنیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر جوابی میزائل حملے کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی فضائی اڈے اور عسکری مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وعدہ صادق تین آپریشن میں اسرائیل کے ان فضائی اڈوں اور عسکری صنعتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے جو اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف مجرمانہ حملوں کا مرکز تھے۔ سپاہ کی جانب سے جاری کردہ دوسرے بیان میں اس آپریشن کی مزید تفصیلات بتائی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق جوابی کارروائی میں سپاہ کی فضائی و خلائی فورس کی میزائل اور ڈرون یونٹوں نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس میزائلوں کے ذریعے ان اسرائیلی فضائی اڈوں اور عسکری مراکز کو نشانہ بنایا جو ایران پر ہونے والے حملوں کا مرکز بنے ہوئے تھے علاوہ ازیں ان صنعتی مراکز کو بھی، جو میزائل، اسلحہ اور جنگی سازوسامان تیار کرنے میں مصروف تھے اور جنہیں فلسطین اور غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف اسرائیلی فوج استعمال کرتی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیٹلائٹ تصاویر، رپورٹس اور انٹیلیجنس شواہد اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ درجنوں بیلسٹک میزائل اپنے ہدف پر کامیابی سے لگے۔ صہیونی حکومت کی جانب سے روک تھام کے دعووں کے باوجود، وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے میزائل حملوں کی لہر کا مؤثر طور پر مقابلہ نہ کر سکی۔بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ آپریشن رہبر انقلاب اسلامی و سپہ سالار اعلیٰ حضرت آیت اللہ العظمی خامنہای مد ظلہ العالی کے فرمان اور ایرانی عوام کے مطالبے پر عملدرآمد کی صورت میں انجام پایا، اور اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے شہداء کے پاکیزہ خون کا ایک جزوی انتقام ہے۔ یہ حملہ تمام ایرانی مسلح افواج اور اداروں کے باہمی تعاون سے بھرپور اور جرات مندانہ انداز میں انجام پایا۔ اس کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی سلامتی، ہماری ریڈ لائن ہے۔