ایران اور روس کے صدور نے ٹیلیفونک گفتگو میں ایران پر صیہونی حکومت کی جارحیت کے بارے میں گفتگو کی۔
سحر نیوز/ ایران:اس گفتگو میں روسی صدر ولادیمیر پوتین نے ایران پر صیہونی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے عام شہریوں، ایٹمی سائنسدانوں اور فوجی افسروں کی شہادت پر اپنے ہم منصب کو تعزیت پیش کی اور ایرانی حکومت و عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔
روسی صدر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس اقدام پر اپنی تشویش سے صیہونی حکام کو آگاہ کیا ہے، یہ جارحیت، بین الاقوامی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور روس کشیدگی ختم کرنے کے لئے ثالثی کو آمادہ ہے۔
صدر ایران مسعود پزشکیان نے بھی ٹیلیفونک رابطہ کرنے اور اظہار ہمدردی کرنے پر اپنے روسی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت ان کی حلف برداری کے فوراً بعد سے ہی ایران کے ایک سرکاری مہمان شہید اسماعیل ہنیہ کو قتل کر کے علاقے میں کشیدگی کو ہوا دینے کے درپے رہی ہے۔
صدر ایران نے کہا کہ صیہونی حکومت کی جارحیت بین الاقوامی ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور حتمی طور پر اسے اس جارحیت کا مناسب جواب دیا جائے گا۔