Jun ۱۴, ۲۰۲۵ ۲۰:۳۳ Asia/Tehran
  • یورپی یونین کو خطے میں کشیدگی میں شدت پر افسوس ، وزیر خارجہ سے ٹیلی فونی گفتگو

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے آج ہفتے کے روز ایرانی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون گفتکو میں ایران کے خلاف اسرائیلی فوجی جارحیت کے بعد خطے کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ۔

سحر نیوز/ ایران:ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالس سے اس ٹیلی فونی گفتگو میں اسرائیلی حکومت کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی برادری کے فیصلہ کن ردعمل نیز بین الاقوامی مذمت پر زور دیا۔

عراقچی نے امن اور قانون کی حکمرانی کی حمایت کا دعویٰ کرنے والے تمام ممالک سے ان مجرمانہ اقدامات کی مذمت کرنے اور اسرائیلی حکومت پر جارحیت اور لاقانونیت کو روکنے کے لیے دباؤ ڈالنے پر تاکید کی۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اسرائیلی حکومت کے معاندانہ اقدامات کو واشنگٹن کی براہ راست حمایت کا نتیجہ قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے حالات میں جب اسرائیلی حکومت کی بربریت جاری ہے ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا جاری رہنا بلا جواز ہے۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے اس گفتگو میں خطے میں کشیدگی میں اضافے پر گہرے افسوس اور تشویش کا اظہار کیا اور یورپی یونین کی جانب سے سلامتی کونسل اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں کشیدگی کو کم کرنے نیز خطے میں امن و سلامتی کی بحالی کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کے لیے اپنی آمادگی پر تاکید کی۔

ٹیگس