Jun ۲۹, ۲۰۲۵ ۱۵:۴۲ Asia/Tehran
  • اگر جارحیت کی تکرار ہوئی تو منہ توڑ جواب دیں گے: جنرل موسوی

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ ہم نے جنگ شروع نہیں کی لیکن پوری طاقت سے جارحیت کا جواب دیا اور اگر جارحیت کی تکرار ہوئی تو محکم جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے آج اتوار کو سعودی وزیر دفاع کے ساتھ ٹیلیفون پر غاصب صیہونی حکومت اور امریکا کی بارہ روزہ جارحیت، تہران ریاض دو جانبہ روابط اورعلاقے کی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں بالکل یقین نہیں ہے کہ دشمن جنگ بندی سمیت اپنے کسی بھی عہد کی پابندی کرے گا اور ہم جارحیت کی تکرار کی صورت میں محکم جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔  انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت نے اس وقت سرزمین ایران پر جارحیت شروع کی جب ایران امریکا کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کررہا تھا۔

جنرل موسوی نے کہا کہ ان دونوں حکومتوں نے ثابت کردیا کہ وہ کسی بھی بین الاقوامی قانون اور اصول وضوابط کی پابند نہیں ہیں اور یہ بات 12 روزہ مسلط کردہ جنگ کے دوران پوری دنیا نے دیکھ لی۔

 اس ٹیلیفونی گفتگو میں سعودی عرب کے وزیر دفاع خالد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب نے ایران کے خلاف جارحیت کی مذمت پر اکتفا نہیں کیا بلکہ جنگ اور جارحیت بند کرانے کے لئے بہت کوششیں کی ہیں۔

انہوں نے اس ٹیلیفونی گفتگو میں، مسلط کردہ 12 روزہ جنگ کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے کمانڈروں کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔      

ٹیگس