موجودہ جنگ صرف ایران ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے خلاف ہے؛ پاکستان میں ایرانی سفیر
پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر نے کہا ہے کہ موجودہ جنگ صرف ایران ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے خلاف ہے۔
سحرنیوزایران: مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد میں متعین ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے غاصب صیہونی ٹولے کی مسلط کردہ حالیہ جنگ کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگ صرف ایران ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کے خلاف ہے اور آنے والے وقت میں اس کے نتائج تمام علاقائی ممالک حتیٰ پاکستان کے لئے بھی ظاہر ہو سکتے ہیں۔ سفیر ایران نے کہا کہ جنگ میں ویسے تو ہر کوئی دعویٰ کرتا ہے کہ ہم جیتے ہیں مگر ہم دعووں سے قطع نظر یہ دیکھتے ہیں کہ دنیا والے اس حوالے سے کیا کہتے ہیں، ہم نے کسی پر جارحیت نہیں کی تھی، جارحیت ان کی جانب سے ہوئی تھی، امریکی صدر اور صیہونی وزیراعظم دونوں نے یہ اعلان کیا تھا کہ ایران کی حکومت کو ختم اور اس میں تبدیلی چاہتے ہیں۔
امیری مقدم نے جنگ کے دوران پاکستان کی حکومت و عوام کی جانب سے ہوئی حمایت کی قدردانی کی اور کہا کہ جو کردار پاکستان کی طرف سے ادا کیا گیا وہ سب سے نمایاں تھا، میڈیا، یو این سلامتی کونسل اور آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں پاکستان نے ہماری حمایت کی جبکہ پاکستان کی وزارت ہائے دفاع اور خارجہ نے بھی ایران کی مکمل حمایت کی۔ اسلام آباد میں تعینات ایران کے سفیر کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں ہندوستان نے خود کو غیر جانبدار ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اسلامی ممالک کو باہمی اتحاد، مغربی دباؤ سے آزادی، غزہ اور فلسطین جیسے مظلوم مسلمانوں کیلئے عملی قدم اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔