ایرانی بحریہ کی وارننگ کے بعد امریکی جنگی جہاز راستہ بدلنے پر مجبور (ویڈیو)
ایرانی بحریہ کے ایک ہیلی کاپٹر نے بحیرہ عمان میں امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرالڈ کو روک کر راستہ بدلنے پر مجبور کردیا۔
سحرنیوز/ایران: ایرانی بحریہ کے ایک ہیلی کاپٹر نے بحیرہ عمان میں امریکی جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرالڈ کو روک کر وارننگ جاری کی جس کے بعد امریکی جہاز اپنا راستہ جنوب کی طرف بدلنے پر مجبور ہوگیا۔ ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امریکی جنگی جہاز ایرانی بحریہ کے زیرنگرانی سمندر کے قریب آیا جس کے ردعمل میں ایرانی بحریہ نے ایک تیز رفتار ہیلی کاپٹر روانہ کیا۔ پریس ٹی وی کے مطابق، ہیلی کاپٹر نے امریکی جہاز کے اوپر پرواز کرتے ہوئے ریڈیو کے ذریعے واضح وارننگ دی کہ وہ ایرانی نگرانی والے علاقے سے دور ہوجائے۔ اس دوران یو ایس ایس فٹزجیرالڈ کے عملے نے دھمکی دی کہ اگر ہیلی کاپٹر قریب رہا تو وہ فائر کردیں گے۔
صورتحال کشیدہ ہونے پر ایرانی فضائی دفاعی کمان نے مداخلت کی، ہیلی کاپٹر کو مکمل فضائی تحفظ میں لینے کا اعلان کیا اور امریکی جنگی جہاز کو حکم دیا کہ وہ اپنا راستہ تبدیل کرے۔ ایرانی فضائیہ کی مداخلت کے بعد امریکی جہاز نے اس حکم کی تعمیل کی اور متنازعہ علاقے سے جنوب کی طرف رخ موڑ لیا۔