ایران کی سمندر میں بڑی کاروائی، 17 غیر ملکی گرفتار
ایرانی سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے جاسک کے قریب جہاز ضبط کرکے بیس لاکھ لیٹر سے زائد اسمگل شدہ ڈیزل برآمد کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، ایران کی بارڈر پولیس نے خلیج فارس میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے جاسک کے قریب 20 لاکھ لیٹر سے زائد اسمگل شدہ ڈیزل لے جانے والے تیل بردار جہاز کو تحویل میں لے کر 17 غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
کمانڈر ایرانی بارڈر پولیس بریگیڈیئر جنرل احمد علی گودرزی کے مطابق، ہرمزگان صوبے میں تعینات سرحدی محافظوں نے انٹیلیجنس معلومات، الیکٹرانک آلات اور فضائی نگرانی کی مدد سے اسمگلنگ نیٹ ورک کا سراغ لگایا۔

تیل بردار جہاز فینکس کے ذریعے اسمگلرز 23 میل دور کوہ مبارک کے قریب سے 2,030,755 لیٹر ڈیزل اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
گودرزی نے بتایا کہ یہ کارروائی بحریہ کے تعاون سے کی گئی، جس میں جہاز کو روک کر مکمل معائنہ کیا گیا اور ایندھن برآمد کیا گیا۔ گرفتار شدہ غیر ملکی ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے جاسک منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، ضبط شدہ ڈیزل کی مالیت تقریبا 759 ارب ایرانی ریال بنتی ہے۔