قالیباف: نسل پرست حکومت کے حکام ایک گلاس پانی کے نام پر ایرانی عوام کو فریب دینا چاہتے ہیں
صیہونی وزیر اعظم کی جانب سے ایک گلاس پانی دکھا کر ایرانی عوام کے نام فریب پر مبنی پیغام پر ایران میں سخت رد عمل ظاہر کیا جا رہا ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر قالیباف نے کہا ہے کہ تہران کے تجریش اسکوائرشمالی تہران کی واٹر سپلائی کی سنٹرل پائپ لائن کو میزائل حملہ کرکے برباد کردینے والے اکیسویں صدی کے نازی اب ایک گلاس پانی کے نام پر ایرانی عوام کو فریب دینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ایران کے عوام کو تاریخ نے اتنا بالغ نظر بنا دیا ہے کہ وہ ان کے فریب میں آنے والے نہیں ہیں۔
ارنا کے مطابق ایران کے اسپیکر قالیباف نے ایکس پر اپنی تازہ پوسٹ میں لکھا ہے کہ اکیسویں صدی کے نازیوں نے 12 روزہ جارحیت کے دوران تجریش اسکوائر پر میزائل حملہ کرکے شمالی تہران میں واٹر سپلائی کی مین پائپ لائن برباد کردی تاکہ عوام پینے کے پانی سے محروم ہوجائيں۔
انھوں نے لکھا ہے کہ انہیں نازیوں نے اس وقت غزہ کے عوام پر آب ودانہ بند کردیا اور مظلوم فلسطینی عوام کی نسل کشی میں بھوک اور پیاس سے اسلحے کا کام لے رہے ہیں۔
قالیباف نے لکھا ہے کہ غاصب حکومت کے زیر قبضہ علاقوں میں گزشتہ برسوں کے دوران ہفتے میں صرف 12 گھنٹے پانی کی سپلائی کی گئی ہے۔

انھوں نے لکھا ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیر خزآنہ نے رواں عیسوی سال میں، سرکاری طور پر سوکھے کا اعلان کیا اور زرعی پیداوار کم کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں اور صیہونی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اس کے سامنے سب سے بڑا مسئلہ پانی کا نہ ہونا ہے۔
قالیباف نے لکھا ہے کہ اب یہ نسل پرست صیہونی حکام ایک گلاس پانی دکھا کر ایرانی عوام کو، اس قوم کو فریب دینا چاہتے ہیں کہ جو اتنی سمجھدار اور بالغ نظر ہے کہ اس نے اکیسویں صدی کے ان جرائم پیشہ نازیوں کے خون آشام منصوبوں کو نقشہ برآب کرکے انہیں ذلت وخواری سے دوچارکردیا اور کوڑے دان کا حصہ بنادیا۔