Sep ۰۲, ۲۰۲۵ ۱۰:۵۷ Asia/Tehran
  • حکومت این پی ٹی سے علیحدگی پر پارلیمنٹ کے فیصلے کی مزاحمت نہیں کرے گی، ایرانی وزارت خارجہ

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران اور عالمی جوہری ایجنسی کے درمیان اعتماد کا شدید فقدان ہے اور حاصل کردہ معلومات اسرائیل کو منتقل ہونے کا خدشہ ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقایی نے کہا کہ اگر ایرانی پارلیمنٹ این پی ٹی سے خارج ہونے کا فیصلہ کرتی ہے تو حکومت کے پاس اس فیصلے سے انکار کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک دراصل وہی اقدامات کر رہے ہیں جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان پر مسلط کیے تھے، اور اس طرزِ عمل نے بین الاقوامی سطح پر یورپ کے کردار کو کمزور کردیا ہے۔

بقایی کے مطابق ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان اعتماد کی فضا بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔ اصل تشویش اس بات پر ہے کہ ایران کی ایٹمی تنصیبات سے متعلق جمع کیے گئے حساس ڈیٹا کو اسرائیل منتقل کیا جاسکتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب ایجنسی کا رویہ کھلم کھلا سیاسی رنگ اختیار کر چکا ہے۔

ترجمان نے یاد دہانی کرائی کہ ماضی میں بھی ایجنسی کی رپورٹس کو امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف استعمال کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز میں ایسی قرارداد منظور کروائی تھی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ایران اپنے وعدوں پر عمل نہیں کررہا۔

ٹیگس