امریکہ: فائرنگ کے تازہ واقعے میں کم سے کم 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی
اطلاعات کے مطابق امریکی ریاست شمالی کیرو لائنا میں ایک پارٹی کے دوران ہونے والی فائرنگ میں کم سے کم 2 افراد ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: امریکی میڈیا کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ ریاست شمالی کیرولائنا کے دیہی علاقے میں ایک بڑی پارٹی میں فائرنگ کا واقعہ ہوا ہے، جس میں کم سے کم 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
روبیسن کاؤنٹی شیرف برنیس ولکنز کے دفتر نے سوشل میڈیا پر اطلاع دی کہ جنوبی علاقے میکسٹن کے باہر ایک دیہی علاقے میں کل 13 افراد کو گولی ماری گئی۔ مذکورہ دفتر کے مطابق اطلاع ملنے پر سیکورٹی اہلکاروں کو جائے وقوعہ بھیجا گیا لیکن ان کے پہنچنے سے پہلے ہی 150 سے زیادہ افراد پارٹی کے مقام سے فرار ہو گئے۔
مذکورہ دفتر کی رپورٹ کے مطابق 16 سالہ اور 49 سالہ دو افراد کو جائے وقوعہ پر مردہ پایا گیا اور زخمی افراد کو مقامی اسپتالوں میں بھیج دیا گیا۔ مقامی حکام کے مطابق اس اندھا دھند فائرنگ میں تیرہ افراد کو گولی لگی تھی۔
اس سلسلے میں ابھی تک کسی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔