پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکومت سازی کے لئے صدر زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف سے رابطہ کرلیا
اطلاعات کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیرمیں حکومت سازی کے لئے صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونی رابطہ کیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرآصف علی زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف کو کشمیر میں حکومت بنانے کے فیصلے پر اعتماد میں لیا ہے۔ شہباز شریف نے مسلم لیگ کشمیر امور کمیٹی کو پیپلز پارٹی سے مذاکرات کی ذمہ داری سونپی ہے۔ احسن اقبال مسلم لیگ کی کمیٹی کے سربراہ ہیں اور ممبران میں رانا ثناء اللّٰہ اور امیر مقام شامل ہیں۔
کمیٹی نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات سے پہلے مسلم لیگ کشمیر سے صلاح و مشورہ شروع کردیاہے۔
دوسری جانب اس معاملے سے متعلق پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زماں کائرہ نے کہا ہے کہ ن لیگ نے کشمیر میں اپوزیشن میں بیٹھنے کے فیصلے سے آگاہ نہیں کیا۔
قمر زماں کائرہ کا کہنا تھا کہ نمبر پورے ہوئے تو حکومت بنانے کی کوشش کی جائے گی، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ہماری ابتدائی مشاورت ہوگئی جبکہ حتمی فیصلہ فائنل میٹنگ میں ہوگا۔