Sep ۱۷, ۲۰۲۵ ۱۲:۳۸ Asia/Tehran
  • ایران کے نائب صدر اور پاکستان کے وزیر تجارت کی ملاقات؛ باہمی تعاون میں فروغ پر زور

منگل کو نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف نے پاکستان کے وزیر تجارت جام کمال خان سے ملاقات اور گفتگو کی جو تہران کے دورہ پر ہیں۔

سحرنیوز/ایران: ایران کے نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف نے اس موقع پر ایران اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات اور تاریخی، فرہنگی اور ثقافتی نیز دینی روابط کو تمام شعبوں میں باہمی تعاون میں فروغ کا بہترین پلیٹ فارم قرار دیا۔ نائب صدر عارف نے ایرانی حکام کا پاکستان میں ہر سطح پر استقبال کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوامی استقبال نے دونوں ملکوں کی حکومتوں کی ذمہ داریوں کو واضح کردیا ہے اور وہ یہ ہے کہ مشترکہ تعلقات کو موجودہ سطح سے کہیں زیادہ بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر محمد رضا عارف نے معاشی، تجارتی، سائنسی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون میں فروغ پر مبنی ایران کی مکمل تیاری پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ایران پر صیہونی جارحیت کے دوران پاکستان کی حکومت، عوام، برگزیدہ اور سیاسی شخصیات کی جانب سے تہران کی مکمل حمایت کی قدردانی کی اور کہا کہ ایران اور پاکستان کا فلسطین کے سلسلے اور صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیتوں پر یکساں موقف ہے اور دیگر موضوعات میں بھی اشتراک رائے پایا جاتا ہے۔
محمد رضا عارف نے قطر پر صیہونی جارحیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسلامی ممالک متحد ہوتے تو صیہونی حکومت کو فلسطینی عوام کو نشانہ بنانے کی جرات تک نہ ہوتی اور در حقیقت  اسلامی ملکوں کے عدم اتحاد نے ہی صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے حملوں کا راستہ ہموار کیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ان شعبوں کی جانب بھی اشارہ کیا جن میں ایران اور پاکستان بھرپور تعاون کرسکتے ہیں۔

ٹیگس