Oct ۲۱, ۲۰۲۵ ۱۱:۲۳ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے کی درخواست دینے کی صورت میں قومی اعلیٰ سلامتی کونسل میں جائزہ لیا جائے گا: ڈاکٹر علی لاریجانی

ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ ایران کے وزیر خارجہ نے قاہرہ اجلاس کے بعد واضح کردیا تھا کہ اگر اسنیپ بیک میکیزم فعال کیا گیا تھا تو مذاکرات کو ناممکن سمجھا جائے گا تاہم اگر آئی اے ای اے اس سلسلے میں کوئی درخواست پیش کرتی ہے تو اعلی قومی سلامتی کونسل ہی اس کا جائزہ لے گی۔

سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے تہران میں عراق کی قومی سلامتی کے مشیر قاسم الاعرجی کے ساتھ ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ قاسم الاعرجی کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کے فروغ پر غور کیا گيا۔ انہوں نے کہا کہ فطری طور پر اقتصادی پوزیشن مستحکم رکھنے کے لیے ہمیں سیکورٹی کے مسائل پر بھی توجہ دینی ہوگي۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ صیہونی حکومت اور امریکہ نے 12 روزہ جنگ میں عراقی سرزمین کو غیر قانونی طور پر  استعمال کیا تھا اور عراقی حکام اس مسئلے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ قاسم الاعرجی کا دورہ ایران اہم ہے اور مجھے امید ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

 اس سوال کے جواب میں کہ ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان مذاکرات ہوں گے یا نہیں؟ تو ڈاکٹر علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ ایران کے وزیر خارجہ نے قاہرہ اجلاس کے بعد واضح کردیا تھا کہ اگر اسنیپ بیک میکیزم فعال کیا گیا تھا تو مذاکرات کو ناممکن سمجھا جائے گا تاہم  اگر آئی اے ای اے اس سلسلے میں کوئی درخواست پیش کرتی ہے تو اعلیٰ قومی سلامتی کونسل ہی اس کا جائزہ لے گي۔

 

ٹیگس