ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوڈان کے الفاشر شہر میں تشدد کے فوری خاتمے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کےترجمان اسماعیل بقائی نے سوڈان کی ریاست دارفور کے شہر الفاشر میں فوجی جھڑپوں میں شدت آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عام شہریوں پر حملےاور اس علاقے کی بنیادی تنصیبات کی تباہی و بربادی کو ایک غیر انسانی اقدام قرار دیا ہے اور اس کی مذمت کی ہے۔
سحر نیوز/ ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے الفاشر شہر کے بحرانی حالات کا ذکر کرتے ہوئے تشدد کے فوری خاتمے اور شہریوں کی جانوں کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے سوڈان کو دوبارہ تقسیم کرنے کے مقصد سے کچھ مشکوک اور خطرناک اقدامات کی بابت خبردار کرتے ہوئے ملک کی قومی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر بھی زور دیا اور متحارب فریقوں سے مطالبہ کیا کہ وہ سیاسی اختلافات پر سوڈان کے قومی مفادات کو ترجیح دیں۔
یہ بات قابل غور ہے کہ سوڈان کو سنہ انیس سو چھپن میں آزادی کے بعد سے ہمیشہ سیاسی عدم استحکام کا سامنا رہا ہے اور اس دوران دو مرتبہ خانہ جنگی اور بیس مرتبہ بغاوت کی کوششیں بھی ہوئيں۔ ایسی جنگیں جو آخرکار دوہزار گیارہ میں جنوبی سوڈان کی علیحدگی کا باعث بنیں۔