دشمن، ایران اور دیگر اسلامی ممالک کے حصے بخرے کرنے کے درپے: صدر مملکت ڈاکٹر پزشکیان
صدر مملکت ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دشمن، اسلامی جمہوریہ ایران اور دیگر اسلامی ممالک کے حصے بخرے کرنے اور ان کو کمزور کرنے کے درپے ہے۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق صدر ایران ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے دورۂ کرمان کے موقع پر صوبائی عہدے داروں سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے مشترکہ دشمنوں کے مقابلے میں متحد ہوجائیں۔
صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ہماری موجودہ دفاعی صلاحیت مسلط کردہ 12 روزہ جنگ سے پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ بہتر ہوچکی ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران قطعاً کسی بھی جنگ یا تصادم کا خواہاں نہیں ہے لیکن اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو اسے اچھا سبق سکھا دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے حالیہ 12 روزہ مسلط کردہ جنگ کے بعد اپنی دفاعی طاقت میں بے پناہ اضافہ کیا ہے اور اس کا جنگ سے پہلے کی صورت حال سے کوئی موازنہ نہیں کیا جاسکتا اور یہ کہ دشمن کو ایران کے مقابلے میں اس بار بھی منہ کی کھانی پڑے گی اور ہماری مسلح افواج اس کو اچھا سبق سکھائيں گی۔