ایران کے ڈپٹی اسپیکر اور پاکستانی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے درمیان ملاقات، صیہونی حکومت کے خلاف مشترکہ موقف پر زور
اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے صیہونی حکومت کے خلاف مشترکہ موقف پر زور دیا، دہشت گردی اور جارحیت کی مذمت کی اور عالم اسلام کے پارلیمانی تعاون اور یکجہتی کو وسعت دینے کا عزم ظاہر کیا۔
سحرنیوز/ایران: ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے ڈپٹی اسپیکر علی نیک زاد اور ان کے ساتھ جانے والے پارلیمانی وفد نے اسلام آباد میں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے موقع پر آج پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔
اس ملاقات میں علی نیک زاد نے پاکستانی حکومت اور پارلیمنٹ کی میزبانی کو سراہتے ہوئے گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور پاکستانی حکومت اور عوام، بالخصوص اس واقعے کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ، یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے صیہونی حکومت کی طرف سے مسلط کردہ 12 روزہ جنگ کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے لئےپاکستان کے عوام، حکومت اور پارلیمنٹ کی حمایت کو بھی سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں پڑوسی ممالک کو دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لئےموجودہ مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
اس موقع پر پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے صیہونی حکومت کی جارحیت کے مقابلے میں ایرانی قوم کے جذبے اور مزاحمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور ہم اس فتح پر ایرانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ دشمن ہیں جن میں اسرائیل ایک ہے۔