Nov ۱۹, ۲۰۲۵ ۱۶:۴۴ Asia/Tehran
  • اسلامی گیمز: ایرانی کھلاڑیوں کا زبردست کارکردگی کا مظاہرہ

ایرانی کھلاڑیوں نے اسلامی یکجہتی گیمز کے گیارہویں دن سونے اور چاندی کے دو دو اور کانسی کا ایک تمغہ جیت کر ایک بار پھر زبردست اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں چھٹے اسلامی گیمز کے گیارہویں دن کے اختتام پر ترکیہ، سونے کے باسٹھ، چاندی کے چھتیس اور کانسی کے ستائیس میڈل حاصل کر کے پہلے نمبر پر ہے جبکہ ازبکستان کے کھلاڑیوں نے بائیس گولڈ میڈل، پچیس سلور کے تمغے اور بائیس کانسی کے تمغے جیت کر دوسرے نمبر پر ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے کھلاڑیوں نے اکیس گولڈ میڈل، سولہ سلور اور بائیس کانسی کے میڈل جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ 

ایرانی کھلاڑیوں کا قافلہ منگل کو اسلامی یکجہتی گیمز کے گیارہویں دن  کھیل کے پانچ شعبوں میں میدان میں اترا، جس کے نتیجے میں ایرانی کھلاڑیوں نے گریکو رومن کشتی میں دو گولڈ، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ محمد رضا طیبی نے ٹریک اینڈ فیلڈ میں چاندی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔

کشتی کے مقابلوں کے آغاز کے ساتھ ہی ایرانی ٹیم کو ایک بار پھر امید پیدا ہو گئی تھی کہ وہ دوسرے نمبر پر پہنچ جائے گی۔ کشتی کے مقابلوں کے پہلے دن ایرانی گریکو رومن پہلوانوں نے چار ویٹ کلاس میں دو گولڈ میڈل، ایک چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

سعید اسماعیلی اور غلام رضا فروخی نے سڑسٹھ اور ستاسی کلوگرام وزن کی کیٹیگری میں دو گولڈ میڈل جیتے۔ امیر عبدی نے ستتر کیلو گرام ویٹ کلاس میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا اور علی احمدی وفا نے ساٹھ کلوگرام ویٹ کلاس میں کانسی کا تمغہ بھی جیتا۔

 

ٹیگس