ایران: زاہدان میں برقی ٹیکسی سروس کا آغاز
ایران کے صوبۂ سیستان و بلوچستان کے صدر مقام زاہدان میں آج برقی ٹیکسی سروس کا آغاز ہوگيا۔
سحرنیوز/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق زاہدان کے دشت عماد سیاحتی کمپلیکس میں برقی ٹیکسی سروس کا افتتاح عمل میں آیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی معاون اور ادارۂ تحفظ ماحولیات کی سربراہ شینا انصاری نے برقی ٹیکسی سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں صوبۂ سیستان وبلوچستان میں سیاحت کے فروغ میں آلودگی نہ پھیلانے والی ٹیکنالوجی سے استفادے اور ماحولیات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ اس حکمت عملی سے سیاحت، اقتصاد اور تحفظ ماحولیات کو ایک دوسرے سے جوڑا جاسکتا ہے۔
محترمہ شینا انصاری نے زاہدان میں برقی ٹیکسی سروس کے آغاز کو سیاحت کے فروغ میں جدید ٹیکنالوجی سے کام لئے جانے کی راہ میں ایک قدم قرار دیا۔
صوبۂ سیستان و بلوچستان کے گورنر منصور بیجار نے بھی اس تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ منصور بیجار نے کہا کہ اپنے سماجی ڈھانچے اور متنوع صلاحیتوں کی وجہ سے سیستان و بلوچستان صوبے میں سرمایہ کاری کے خصوصی مواقع ہیں۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel