جارحین کی شرائط پر جنگ کا خاتمہ نہیں ہونے دیا جائے گا: ایران
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i455622-جارحین_کی_شرائط_پر_جنگ_کا_خاتمہ_نہیں_ہونے_دیا_جائے_گا_ایران
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ یہ جنگ ایران نے شروع نہیں کی ہے اور وہ اس کو جارحین کی شرائط پر ختم نہيں ہونے دے گا۔
(last modified 2026-08-24T13:10:18+00:00 )
Aug ۲۴, ۲۰۲۶ ۱۶:۴۰ Asia/Tehran
  • جارحین کی شرائط پر جنگ کا خاتمہ نہیں ہونے دیا جائے گا: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ یہ جنگ ایران نے شروع نہیں کی ہے اور وہ اس کو جارحین کی شرائط پر ختم نہيں ہونے دے گا۔

سحرنیوز/ایران: ترجمان وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے آج پیر 24 اگست کو اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں میلاد پیغمبر اکرمࣕ اور ہفتہ وحدت کی، ایرانی عوام اور مسلمین عالم کو مبارکباد پیش کی اور خطے کے موجودہ حالات، امریکی و صیہونی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورت حال اور دیگر موضوعات پر صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیئے۔

انھوں نے دوبارہ جنگ شروع ہونے کی صورت میں یورپی ملکوں میں امریکی اڈوں پر حملے کے امکان کے بارے میں مغربی ذرائع ابلاغ کے دعووں اور بلغاریہ سے امریکہ کے جںگی طیاروں کی ری فیولنگ کرنے والے مخصوص طیاروں کے نکل جانے کی رپورٹوں کے بارے میں پو چھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلغاریہ کے بارے میں ہم  اپنا موقف پہلے ہی واضح کرچکے ہیں۔ ہم نے بھی سنا ہے کہ ری فیولنگ کے متعدد کے سی 135 طیارے بلغاریہ چھوڑ چکے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ  جیسا کہ خود بلغاریہ کے عوام اور سیاست دانوں نے شروع میں ہی اعلان کیا تھا اس ملک میں، جنگی طیاروں کی ری فیولنگ کرنے والے، مخصوص طیاروں کی تعیناتی بین الاقوامی قوانین کے خلاف تھی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان  نے اس دعوے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہ ایران کو پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے سہ فریقی معاہدے میں شمولیت کی دعوت دی گئی ہے، کہا کہ  ہمیں اس سلسلے میں کوئی دعوت نامہ نہیں ملا ہے لیکن علاقے کے ملکوں کی جانب سے بعض تجاویز پیش کی گئی ہیں جن کا تعلق خطے کی اجتماعی سیکورٹی کے بارے میں مذکورہ ملکوں کے ساتھ مذاکرات  سے ہے۔  

ترجمان وزارت خارجہ سے ایک اور سوال میں کہا گیا کہ امریکی وزیر خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر اقتصادی وار لگانے کا وقت آگیا ہے۔ آج سے ایران کے خلاف اقتصادی اور تجارتی حملے شروع ہورہے ہیں۔ امریکیوں کی اس طرح کی باتوں پرایرانی وزارت خارجہ کا جواب کیا ہے؟   

انھوں نے کہا کہ آپ گزشتہ پانچ عشروں کی تاریخ پر ایک نظر ڈال لیں۔ نام اور عناوین سے ہمیں دھوکہ نہیں کھانا چاہئے۔ مفلوج کردینے والی پابندیوں سے لے کر زیادہ سے زیادہ دباؤ اور اقتصادی جنگ تک، سب کا مقصد ایک ہے اور وہ اس قوم کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنا ہے جو اپنے پیروں پر کھڑے رہنے کا فیصلہ کرچکی ہے، جس نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اپنے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ یہ قوم اچھی طرح جانتی ہے کہ جنگ ہو، دہشت گردی کی لہر ہو یا اقتصادی پابندیاں، سب کا مقصد ایک ہے۔  

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکیوں کو سبھی اقدامات میں شکست ہوچکی ہے اور ان کی نئی اقتصادی جنگ میں بھی ایرانی قوم ثابت کردے گی کہ اپنے حقوق کے دفاع میں ثابت قدم ہے۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel