آبنائے ہرمز بند رکھے جانے کا اعلان
ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بند رہے گی اور سمندروں کی گہرائیوں میں دشمن کا فیصلہ ہوگا۔
سحرنیو/ایران: ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی بحریہ کے کمانڈر، ایڈمیرل شہرام ایرانی نے اتوار 29 نومبر کو اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کے مزار اقدس پر حاضری دی اور آپ کے اہداف و مقاصد اور اقدار سے تجدید عہد کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ آبنائے ہرمز بند رہے گی تاکہ دشمن کو معلوم ہوجائے کہ عظیم ملت ایران کا احترام اور اس کی حیثیت کو تسلیم کرنا ضروری ہے۔
انھوں نے کہا کہ رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے جس مقدس اسلامی جمہوری نظام کی بنیاد رکھی، وہ شہدائے والامقام کے خون اور ایثار پر استوار ہے۔
ایڈمیرل شہرام ایرانی نے حالیہ جنگ کے شہیدوں، منجملہ، جماران اور دنا، جنگی بحری جہازوں نیز بحریہ کے دیگر شعبوں کے شہیدوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان شہیدوں نے اپنے ایثار و فداکاری سے ملک کی عزت و سربلندی کا راستہ ہموار کیا۔
انھوں نے کہا کہ وہی اصول جس کی بنیاد پر حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے اس نظام کی بنیاد رکھی اور عوام کے کردار پر زور دیا، آج بھی میدان عمل میں وہی اصول رائج ہے اور میدان میں عوام کی موجودگی اور حمایت، مسلح افواج کے لیے بنیادی محرک ہے۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے کہا کہ امریکا نے اپنی پوری فوج طاقت اور جنگی وسائل کے ساتھ جنگ مسلط کی اور پیچیدہ ترین ہتھیاروں نیز جنگی وسائل اور اس دعوے کے ساتھ جارحیت شروع کی کہ دنیا کی سب سے طاقتور فوج اس کے پاس ہے، لیکن ہماری مسلح افواج اس کے مقابلے پر ڈٹ گئيں اور بے مثال پائیداری اور مقاومت کا مظاہرہ کیا۔
انھوں نے جنگ کے دوسرے دن امریکا کے ابراہم لنکن طیارہ بردار بحری بیڑے کونشانہ بنائے جانے کا ذکر کرتے ہوئے اس کامیابی کو خون شہدا کی مرہون منت قرار دیا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel