Oct ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۱:۲۲ Asia/Tehran
  • تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے سربراہ صالح الصماد
    تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے سربراہ صالح الصماد

یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے سربراہ نے انتباہ دیا ہے کہ یمن پر حملے جاری رکھنے والے ملکوں کو اس جارحیت کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

سبا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے سیاسی دفتر کے سربراہ صالح الصماد نے یمن پر حملے جاری رکھنے پر سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے جاری رکھنے والے ملکوں کو اس جارحیت کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

 انھوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں کے اندر یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں کی جانب سے یمن کو جارحیت کا نشانہ بنانے والے ملکوں کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
 صالح الصماد نے یمنی عوام کی کامیابی کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ جارح ممالک کو یمن میں منہ کی کھانا پڑے گی اور وہ کچھ حاصل کئے بغیر ہی میدان جنگ سے فرار کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
یمن سے ایک اور خبر یہ ہے کہ عدن سے جنگی حکمت عملی کی بنیاد پر انصاراللہ کی پسپائی کے بعد، کہ جس کا مقصد دارالحکومت صنعا کی حفاظت کرنا ہے، یمن کی مستعفی حکومت کے آلہ کاروں نے اس شہر پر قبضہ کرلیا ہے۔ جبکہ یمنی فوج اور عوامی رضاکاروں نے منگل کے روز عدن میں سعودی آلہ کار اور مستعفی عہدیدار خالد بحاح کی رہائشگاہ پر میزائلی حملہ کیا ہے جس میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے بیس فوجی ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک، یمن پر آل سعود کے تسلط اور اس ملک میں منصور ہادی کی مستعفی حکومت کا اقتدار بحال کرنے کی غرض سے گذشتہ چھبّیس مارچ سے وحشیانہ حملے کر رہے ہیں جن میں اس ملک کی بنیادی تنصیبات کے تباہ ہونے کے علاوہ ہزاروں بے گناہ عام شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں۔

ٹیگس