Nov ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۴ Asia/Tehran
  • عالمی سطح پر بیروت بم دھماکوں کی مذمت
    عالمی سطح پر بیروت بم دھماکوں کی مذمت

بیروت بم دھماکوں کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس قسم کے اقدامات سے لبنان میں عوام فوج اور حزب اللہ کا اتحاد مستحکم تر ہوگا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے بیروت بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے لبنان کی حکومت ، عوام اور دہشت گردی کے اس واقعے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کو دلی تعزیت پیش کی ۔انہوں نے زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ اللہ تمام زخمیوں کو جلد از جلد شفا عطا کرے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امید ظاہر کیا کہ لبنانی عوام، حزب اللہ اور فوج کے درمیان اتحاد اور دہشت گردی کے خلاف عالمی برداری کے ٹھوس عزم و ارادے کے ذریعے، انتہا پسندی اور دہشت گردی کی بیخ کنی کا راستہ ہموار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ لبنان کے عوام باہمی یکجہتی اور اتحاد کوہر حال میں بر قراررکھیں گے۔

فلسطینی تنظیموں نے بھی بیروت کے شیعہ آبادی والے علاقوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے لبنان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

تحریک جہاد اسلامی فلسطین کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیروت دھماکوں کے ذریعے لبنان میں فتنہ پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے اور اس کے امن و استحکام کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

حماس نے بھی بیروت میں ہونے والے خودکش دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے لبنان کے عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم آزادی فلسطین پی ایل او نے اپنے بیان میں جنوبی بیروت میں ہونے والے خودکش حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پی ایل او کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کے خلاف سازشوں کے مقابلے میں ہم لبنانی عوام اور اس ملک کی سیاسی قوتوں کے ساتھ ہیں اور لبنان پر ہونے والے ہر حملے کو فلسطین کے خلاف حملہ سمجھتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی اپنے ایک بیان میں لبنان کے شیعہ آبادی والے علاقے میں داعش کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بان کی مون نے بیروت دھماکوں میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے، اس ہولناک جرم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک و قوم کے تحفظ کے سلسلے میں لبنان کی مسلح افواج اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ ضروری تعاون کریں۔

ٹیگس