عراق کے شمال میں ہونے والے کینیڈا کے ہوائی حملوں میں تیرہ افراد مارے گئے
عراق کے شمال میں ہونے والے کینیڈا کے ہوائی حملوں میں تیرہ افراد مارے گئے ہیں۔
عراق میں فضائی کارروائی روکنے کے کینیڈا کے نئے وزیر اعظم کے انتخابی وعدوں کے باوجود عراق کے شمال میں اٹاوا کے حملوں میں تیرہ عام شہری مارے گئے ہیں۔
روزنامہ گلوب اینڈ میل نے لکھا ہے کہ انیس نومبر کی کینیڈین فضائیہ کی کارروائی میں اس جگہ کو نشانہ بنایا گیا جس کو کینیڈا کی فوج، دہشت گرد گروہ داعش کی بم بنانے کی فیکٹری قرار دیتی ہے۔
اسی کے ساتھ اس اخبار نے اعتراف کیا کہ عراقی میڈیا کی رپورٹ، اس کارروائی سے ہونے والے نقصان پر مشتمل ہے اور اس رپورٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ دودھ کی مصنوعات کے کارخانے پر ہونے والے حملے میں تیرہ عام شہری مارے گئے ہیں اور بارہ زخمی ہوئے ہیں۔
مذکورہ اخبار کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں ہونے والے عام انتخابات میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور ان کی پارٹی کی کامیابی کے بعد کینیڈا کے ایف اٹھارہ جنگی طیاروں نے عراق میں سولہ بار حملے کئے ہیں اور جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ عراق میں کینیڈا کے جنگی طیاروں کی کارروائی، اکتیس مارچ دو ہزار سولہ تک رک جائے گی۔