رمادی کی آزادی کے بعد عراقی افواج کی فلوجہ کی آزادی کے لیے تیاری
رمادی کی آزادی کے بعد عراقی افواج نے فلوجہ کی آزادی کی تیاری شروع کردی ہے۔
عراق سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق رمادی کی آزادی کا آپریشن مکمل ہونے کے بعد عراقی فوج اورعوامی رضاکار دستوں کو شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کے آپریشن کے لئے پوری طرح تیار رہنے کے احکامات صادر کر دیئے گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عراقی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے دستے چوکسی کی حالت میں ہیں تاکہ حکم ملتے ہی آپریشن شروع کر دیں۔
اسی کے ساتھ شہر فلوجہ کے اطراف میں عراقی افواج اور داعش کے درمیان جھڑپوں کی خبر ہے۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش کے دہشتگردوں نے شہر موصل کے جنوب میں واقع الشورا نامی علاقے میں مسجد ابوبکر کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے شہید کر دیا ہے۔ داعش نے اسی طرح تل عفر میں اپنے آٹھ افراد کو عراقی فوج کا سامنا ہونے کے بعد بھاگ جانے کی بنا پر گولی مار کے ہلاک کر دیا ہے۔ عراقی ذرائع کے حوالے سے ملنے والی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موصل کے علاقے حی المالیہ میں داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی کے دفتر کے سربراہ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کرکوک میں عراقی فوج اور کرد پیشمرگہ ملیشیا کے مشترکہ آپریشن میں داعش کے ایک دہشت گرد کمانڈر ابوعمرالشیشانی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔