عراق: دسیوں دہشت گرد ہلاک
عراق کے سیکورٹی ذرائع نے ملک کے مختلف علاقوں میں دسیوں دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کی خبر دی ہے۔
السومریہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عراقی فضائیہ نے صوبہ الانبار کے مغربی علاقے ہیت میں دہشت گرد گروہ داعش کے ایک خفیہ ٹھکانے پر حملہ کر کے کم از کم پندرہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے ۔ ہلاک ہونے والوں میں اس دہشت گرد گروہ کے متعدد سرغنے بھی شامل ہیں۔
بغداد آپریشنل کمانڈ کے ترجمان سعد معن نے بھی بتایا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر نے صوبہ الانبار کے الثرثار علاقے پر حملہ کرنے کی کوشش کی جس کو ناکام بنا دیا گیا اور اس دوران اس گروہ کی دس گاڑیوں کو تباہ اور دسیوں عناصر کو ہلاک کر دیا گیا۔
امریکی قیادت والے داعش مخالف اتحاد نے صوبہ الانبار کے جنوب مغربی ضلع الحویجہ میں شارع الاطباء نامی علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کی شرعی عدالت پر بمباری کی جس میں اس دہشت گرد گروہ کے بتیس عناصر ہلاک ہوگئے ہیں۔ عراقی فضائیہ نے صوبہ صلاح الدین کے صدر مقام سامرا میں واقع طولی پاشا کے علاقے میں دہشت گرد گروہ داعش کے عناصر کے اکٹھا ہونے کی جگہ پر بمباری کر کے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔