ایران اور سعودی عرب کی کشیدگی شام کے مذاکرات پر اثر انداز نہیں ہو گی: اسٹیفن دی میستورا
شام کے امورمیں اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹیفن دی میستورا نے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں پیدا شدہ کشیدگی شام کے مذاکرات پر اثرانداز نہیں ہو گی۔
مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسٹیفن دی میستورا نے تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک بیان جاری کیا، جس میں آیا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے سفارتی بحران سے شام کے بحران کے حل سے متعلق مذاکرات متاثر نہیں ہوں گے۔ اسٹیفن دی میستورا نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے ان سے کہا ہے کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات میں پائی جانے والی کشیدگی شام کے بحران کے حل سے متعلق مذاکرات پر اثر انداز نہیں ہوگی۔ اسٹیفن دی میستورا نے کہا کہ ایران نے بھی ان سے یہی وعدہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے ایلچی اپنا علاقائی دورہ جاری رکھتے ہوئے اتوار کے دن تہران پہنچے اور انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی ۔ محمد جواد ظریف نے اس ملاقات میں کہا کہ ہم اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ کشیدگی پھیلانے پر مبنی سعودی عرب کا رویہ شام کے بحران کے حل پر منفی اثرات مرتب کرے۔ اسٹیفن دی میستورا نے کہا ہے کہ ایران نے شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ واضح رہے کہ بحران شام کے حل سے متعلق مذاکرات پچیس جنوری کو جنیوا میں ہوں گے۔