Jan ۱۹, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۵ Asia/Tehran
  • عراق میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازشیں ناکام ہوں گی: عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی

عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے عراق میں فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی سازشوں کی بابت خبردار کیا ہے۔

الشرق الاوسط خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حیدر العبادی نے عراق میں مختلف فرقوں کے درمیان فساد پھیلانے کی سازشوں کی بابت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عراقی عوام کے اتحاد کے مقابل یہ سازشیں ناکام ہوکر رہیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بغداد حکومت اپنی پوری قوت و طاقت کے ساتھ آزاد شدہ علاقوں میں داعش کو واپس نہیں آنے دےگی۔

حیدرالعبادی نے کہا کہ دہشت گرد عراقی فوج اور رضاکاروں کے مقابل پے در پے شکست کھانے کے بعد اب مختلف فرقوں کے درمیان اختلافات اور فساد پھیلانے کے درپے ہیں۔ واضح رہے کہ داعش کے دہشت گردوں نے جون دو ہزار چودہ میں عراق کے بعض علاقوں پر اپنا کنٹرول حاصل کرکے وہاں سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔

ادھر عراق کے شہر الرمادی میں ہونے والے بم دھماکے میں چھ افراد مارے گئے ہیں۔ ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق عراق کے مغربی صوبے الانبار کے شہر الرمادی کے وسطی علاقے الجمیعہ میں منگل کے روز ایک بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چھ افراد مارے گئے اور نو زخمی ہوگئے۔

ایک اور رپورٹ کے مطابق عراقی رضاکاروں نے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ کے جنوبی علاقے الثرثار میں داعش گروہ کے ٹھکانے پر حملہ کرکے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔ اس سلسلے میں ابھی مزید تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

ٹیگس