Jan ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۴ Asia/Tehran
  • یمن: صنعا کے متعدد رہائشی علاقوں پر آل سعود کے لڑاکا طیاروں کی بمباری

سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے متعدد رہائشی علاقوں پر بمباری کی ہے۔

اس بمباری میں ہونے والے ممنکہ جانی اور مالی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

سعودی لڑاکا طیاروں نے صوبہ مارب میں بھی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے پہلے سعودی طیاروں نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات بھی صوبہ مارب کے مختلف علاقوں میں پندرہ بار بمباری کی۔ جس میں صوبے کے سیکورٹی ادارے کی عمارت ، اسکول اور تجارتی مراکز بھی نشانہ بنے -

سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے گزشتہ برس چھبیس مارچ سے یمن کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ حملوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں عام شہری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ یمن کی بیشتر شہری اور بنیادی تنصیبات بھی تباہ ہو چکی ہیں -

فارن پالیسی میگزین نے بھی یمن پر وحشیانہ جارحیت میں سعودی حکومت کے ساتھ امریکا کے تعاون کا انکشاف کیا ہے۔

امریکا کے فارن پالیسی میگزین نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکا کے ایندھن پہنچانے والے طیاروں نے یمن پر بمباری کرنے والے سعودی لڑاکا طیاروں کو پانچ اپریل دو ہزار پندرہ سے اب تک دو ہزار چار سو تینتالیس بار ایندھن پہنچایا ہے۔

فارن پالیسی میگزین نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ امریکا کے ایندھن پہنچانے والے طیاروں نے سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں کو سترہ ملین پاؤنڈ سے زائد مالیت کا ایندھن پہنچایا ہے اور اس آپریشن پر امریکی لڑاکا طیاروں نے مجموعی طور پر چار ہزار سے زائد گھنٹے لگائے ہیں۔

فارن پالیسی میگزین مزید لکھتا ہے کہ یمن پر بمباری میں حصہ لینے والے اکثر لڑاکا طیارے امریکا کے بنے ہوئے ہیں اور یمن پر جارحیت میں سب سے زیادہ امریکی اسلحے اور گولے بارود کا استعمال کیا گیا ہے۔ امریکا کے اس میگزین کے مطابق سعودی حکومت نے حال میں امریکا کے ساتھ اسلحے کی خریداری کا ایک اور معاہدہ کیا ہے جس کے تحت امریکا سعودی حکومت کو ایک ارب دو سو نوے ملین ڈالر کے اسلحے فروخت کرے گا۔

ٹیگس