یمن پر سعودی عرب کے حملے جاری
یمن کے دارالحکومت صنعا پر سعودی لڑاکا طیاروں کی وحشیانہ جارحیت میں متعدد یمنی عام شہری شہید ہو گئے۔
المسیرہ ویب سائٹ کے مطابق سعودی لڑاکا طیاروں نے جمعے کے روز یمن کے دارالحکومت صنعا کے علاقے عطان کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں چار یمنی شہری شہید ہو گئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ جمعرات کے روز بھی سعودی لڑاکا طیاروں نے یمن کے صوبے صعدہ پر حملہ کرکے چودہ یمنی شہریوں کو شہید کر دیا تھا۔ سعودی لڑاکا طیاروں نے جمعے کے روز صنعا میں السبعین اسکوائر اور الشرف چھاؤنی پر کئی بار حملہ کیا۔
ادھر صوبے تعز میں واقع ذیاب کے علاقے حوزان پر بھی سعودی لڑاکا طیاروں نے حملہ کیا۔ سعودی اتحاد کے جارحانہ حملوں کے جواب میں یمنی فوج اورعوامی رضاکاروں نے بھی سعودی فوجی ٹھکانوں پر اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔
یمنی فوجیوں نے سعودی عرب کے علاقوں میں داخل ہو کر دو سعودی فوجیوں کو قیدی بھی بنا لیا ہے۔ ایک اور خبر یہ ہے کہ عدن میں یمن کے مستعفی صدر منصور ہادی کے ہیڈکوارٹر پر مسلح افراد کے حملے میں اس ہیڈکوارٹر کے بارہ محافظ ہلاک ہو گئے۔