یمنی افواج کے حملے، سعودی اتحاد کے دو سو سے زائد فوجی ہلاک
یمنی افواج کے حملے میں سعودی اتحاد کے دو سو سے زائد فوجی ہلاک ہو گئے۔
یمنی ذرائع کے مطابق جنوبی یمن کے صوبہ لحج میں سعودی اتحاد کے العند فوجی اڈے پر یمن کی فوج اورعوامی رضاکار فورس کے میزائلی حملے میں سعودی اتحاد کے دو سو سے زائد فوجی ہلاک ہو گئے۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق سوڈان سےہے۔ اس حملے میں سعودی اتحاد کے فوجیوں کی درجنوں گاڑیاں اور بھاری مقدار میں جنگی سازوسامان اور فوجی وسائل بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ یمنی ذرائع نے بتایا ہے کہ العند فوجی اڈے پر یمنی افواج کے حملے میں امریکا کی بدنام زمانہ سیکورٹی کمپنی بلیک واٹر کا کمانڈر نیکلولس پطرس بھی ہلاک ہو گیا ہے۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ مارب میں غلطی سے اپنے ہی افراد پر بمباری کر دی جس میں درجنوں سعودی زرخرید ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ اسی کے ساتھ یمنی افواج نے صوبہ مارب میں سعودی حکومت کے اتحادیوں کے ایک حملے کو پسپا کر دیا ہے۔ اس لڑائی میں بھی سعودی اتحاد کے دو درجن سے زائد فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی نےبتایا ہے کہ یمنی فوجیوں نے الشرفہ فوجی اڈے اور مسرح کالونی کے علاقے میں ایک لڑائی میں چار سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ المیادین ٹی وی نے یمنی فوجی ذریعے کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ مآرب میں یمنی فوجیوں نے سعودی حکومت کا ایک جاسوس طیارہ مار گرایا ہے۔