بغداد میں سعودی سفیر کی سرگرمیاں مشکوک ہیں: عراق کے سیکورٹی اور دفاع کے پارلیمانی کمیشن کے رکن اسکندروتوت
عراق کے سیکورٹی اور دفاع کے پارلیمانی کمیشن نے بغداد میں نئے سعودی سفیر کی سرگرمیوں کو مشکوک قرا ر دے دیا ہے۔
عراق کی سرکاری خبررساں ایجنسی واع کے مطابق سیکورٹی اور دفاع کے پارلیمانی کمیشن کے رکن اسکندروتوت نے کہا ہے کہ بغداد میں نئے سعودی سفیر کی سرگرمیاں مشکوک ہیں اور سیکورٹی اداروں کو اس پر گہری نظر رکھنی چاہیے۔
اسکندروتوت نے سعودی سفیر کی اشتعال انگیزسرگرمیوں کے حوالے سے عراقی وزارت خارجہ کے کردار پر بھی کڑی نکتہ چینی کی ہے۔ سعودی عرب کے سفیر ثامر سبھان کی سرگرمیاں ، جنوری دوہزار سولہ میں اپنی تعیناتی کے آغاز ہی سے مشکوک اور اشتعال انگیز رہی ہیں۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے بارے میں سعودی سفیر کے مداخلت پسندانہ بیان اورعراقی کردستان ریجن کے سربراہ مسعود بارزانی سے سعودی سفیر کی ملاقات پرعراقی حکومت اورعوامی حلقوں نے زبردست اعتراض کیا تھا۔