داعش کا ایک سعودی سرغنہ اپنے متعدد ساتھیوں سمیت ہلاک
تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کا ایک سعودی سرغنہ اپنے متعدد ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ہے۔
عراق کی سومریہ نیوز ایجنسی کے مطابق ، داعش کا سعودی سرغنہ ، شوبیب ابومجد الکنعانی ہفتے کی رات شمالی صوبے نینوا میں ایک فضائی حملے کے دوران مارا گیا۔ اس حملے میں اس کے آٹھ دیگر ساتھی بھی ہلاک ہو گئے۔
شمالی صوبے کرکوک میں ایک علیحدہ فضائی کارروائی کے دوران ، داعش کے کم سے کم ساٹھ دہشت گرد ہلاک اور بارہ دیگر زخمی ہوگئے۔
ہفتے کے روز صوبہ الانبار کے صدر مقام رمادی کے قریب عراقی فوج کے حملے میں کم سے کم پینتالیس داعشی دہشت گردوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔ رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے رمادی پر داعش کے حملے کی کوشش بھی ناکام بنا دی ہے ۔ جبکہ شہر میں مختلف مقامات پر کار بموں کا پتہ لگانے کے بعد انہیں ناکارہ بنا دیا ہے۔
امریکہ اور اس کے مغربی و عرب اتحادیوں کی مالی اور اسلحہ جاتی حمایت سے قائم ہونے والے دہشت گرد گروہ داعش نے عراق کے بعض علاقوں پر قبضہ کر رکھا ہے اورعام لوگوں کے خلاف وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔