یمن پر سعودی جارحیت میں مزید عام شہریوں کی شہادت
یمن پر سعودی جارحیت میں متعدد عام شہری شہید ہوگئے جبکہ یمن کے جوابی حملوں میں سعودی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا۔
یمنی ذرائع کے مطابق سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں نے منگل کو بھی مختلف شہروں پر فضائی حملو ں کا سلسلہ جاری رکھا۔ رپورٹ کے مطابق صعدہ کے علاقے حیدان میں ایک ٹرک پر سعودی بمباری میں دو افراد شہید ہو گئے۔ سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے سحر اور ساقین نامی علاقوں پر بھی بمباری کی۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یمن کے علاقے اب میں سعودی بمباری میں کم سے کم تین عام شہری شہید ہو گئے۔
دوسری جانب یمن کے جوابی حملوں میں سعودی حکومت کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا۔ اس رپورٹ کے مطابق یمنی افواج نے سعودی عرب کے علاقے نجران اور عسیر میں سعودی فوجی مراکز اور جیزان ہوائی اڈے پر مقامی ساختہ بیلسٹک میزائل داغے۔ ان حملوں میں سعودی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچنے کی خبر ہے۔
یمنی فوج نے اسی طرح شہر عسیر کے علاقے الربوعہ کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ اس علاقے میں یمنی فوجیوں نے متعدد سعودی فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے پیر اور منگل کی درمیانی رات بھی جنوبی سعودی عرب کے علاقے مثعن میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر حملہ کر کے کم سے کم آٹھ فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ اس حملے میں سعودی فوج کے درجنوں جنگی وسائل اور بھاری اسلحے تباہ ہو گئے۔ یمنی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حملے میں تباہ ہونے والے جنگی ساز و سامان میں سعودی فوج کا ایک ٹینک اور دو بکتر بند گاڑیاں بھی شامل ہیں۔