عراق کی سرحدوں کے قریب سعودی عرب کی فوجی مشقوں پر ریاض کو بغداد کا انتباہ
عراقی پارلیمنٹ نے عراق کی سرحدوں کے قریب سعودی عرب کی فوجی مشقوں کی بابت ریاض کو خبردار کیا ہے۔
عراقی پارلیمنٹ میں سلامتی اور دفاع کے کمیشن نے اپنے بیان میں سعودی عرب کو خبردار کرتے ہوئے عراقی وزارت خارجہ اور دفاع سے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کی ان فوجی مشقوں کے بارے میں اپنا موقف بیان کریں۔
عراقی پارلیمنٹ میں سلامتی اور دفاع کے کمیشن کے رکن عدنان الاسدی نے عراق کی سرحدوں کے قریب حفرالباطن کے علاقے میں فوجی مشقوں کی انجام دہی پر مبنی سعودی اقدام پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شام میں بری فوج اتارنے کے سلسلے میں سعودی عرب کا اعلان اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ سعودی عرب دہشت گرد گروہوں خاص طور پر داعش کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے علاقے کے بعض ممالک کو خبردار کیا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں بالخصوص عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی کامیابیوں کو ناکامی میں تبدیل کرنے کی کوشش سے باز آجائیں۔