مکمل جنگ بندی کے لیے شامی حکومت کی آمادگی
-
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے بشار جعفری
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے نے کہا ہے کہ شامی حکومت نے ہمیشہ مکمل جنگ بندی کے قیام کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے بشار جعفری نے ارنا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات کی زہریلی سیاسی فضا کے باوجود شام کی حکومت نے ہمیشہ مذاکرات میں شرکت اور مکمل جنگ بندی کے قیام کے لیے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے لیکن دہشت گرد گروہ اور ان کے حامی جنگ بندی کے قیام میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ہیں۔
بشار جعفری نے مزید کہا کہ شامی حکومت کے پاس ایسے ٹھوس شواہد موجود ہیں جو ثابت کرتے ہیں کہ پیر کے روز شام کے اسپتالوں پر ہونے والے ہوائی حملوں کی ذمہ دار امریکہ کی سرکردگی میں اتحادی افواج ہیں۔
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل نمائندے بشار جعفری نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ترکی کی حکومت عملی طور پر علاقے میں بدامنی کے پھیلاؤ اور بحران شام کے جاری رہنے کے ایک اہم عامل و سبب میں تبدیل ہو گئی ہے، کہا کہ شام کی حکومت سلامتی کونسل پر اپنا دباؤ جاری رکھے گی تاکہ وہ ترکی کے حکام کو جوابدہ بنانے کے لیے سنجیدہ اور موثر تدابیر اختیار کرے۔