Feb ۱۹, ۲۰۱۶ ۰۹:۴۹ Asia/Tehran
  • سعودی عرب کی یمن پر بمباری جاری رکھنے پر تاکید

سعودی عرب کے وزیر خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ جب تک ہمارے مقاصد پورے نہیں ہو جاتے اس وقت تک ہم یمن پر حملے جاری رکھیں گے-

سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے جمعرات کو فرانس پریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ جب تک یمن کے مستعفی صدر عبد ربہ منصور ہادی اقتدار میں واپس نہیں آجاتے اس وقت تک سعودی عرب ، یمن کے خلاف اپنی کارروائیاں پوری طاقت سے جاری رکھے گا -

عادل الجبیر نے دعوی کیا کہ صرف منصور ہادی یمن میں قانون نافذ کر سکتے ہیں-

درایں اثنا یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ سے وابستہ یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی نے اپنے ملک کے عوام کو جمعہ کے دن ملک کی آزادی کے زیرعنوان نکالی جانے والی ریلیوں میں بھرپور شرکت کی دعوت دی ہے-

یمن کی اعلی انقلابی کیمٹی کے بیان میں سعودی عرب کی جارحیت کے مقابلے میں یمنی عوام کے اتحاد پر تاکید کی گئی ہے-

یمنی شہریوں نے فروری کے مہینے میں یمن کے مختلف شہروں میں سعودی عرب کے خلاف کئی بار مظاہرے کئے ہیں-

یمنی عوام نے نو فروری کو دارالحکومت صنعا میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے مظاہروں میں یمن پر حملے اور محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا تھا-

سعودی عرب ، یمن پر گذشتہ گیارہ مہینوں سے مسلسل حملے کر رہا ہے ان حملوں کے باعث یمن کی اکثر بنیادی تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں اور محاصرے کے سبب انسانی صورت حال بحرانی ہو گئی ہے-

ٹیگس