ترکی میں خون کی ہولی کھیلی گئی ہے: ترکی کی ریپبلیکن پیپلزپارٹی کے سربراہ کمال قلیچ دار اوغلو
ترکی کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت ریپبلیکن پیپلز پارٹی کے سربراہ نے کہا ہے انقرہ بم دھماکے کےذریعے ترکی میں خون کی ہولی کھیلی گئی ہے۔
ترکی کی ریپبلیکن پیپلزپارٹی کے سربراہ کمال قلیچ دار اوغلو نے نامہ نگاروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اب ہم ایک ایسی صورتحال میں داخل ہوگئے ہیں کہ ترکی میں اب خون کی ہولی کھیلی جارہی ہے -
انہوں نے کہا کہ ہم سب سخت پریشان ہیں اور ہمارا دل بہت دکھا ہوا ہے -
ترکی کے حزب اختلاف کے رہنما کمال قلیچ دار اوغلو نے حکمراں پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ رجب طیب اردوغان کی ترقی اور انصاف پارٹی ملک کو صحیح طریقے سے نہیں چلارہی ہے -
واضح رہے کہ گذشتہ بدھ کی رات انقرہ میں ترک فوجیوں کی ایک بس کے قریب خودکش کار بم دھماکے میں اٹھائیس افراد ہلاک اور اسّی سے زائد زخمی ہوگئے تھے-
ہلاک ہونےوالوں میں ستائیس فوجی اور ایک عام شہری تھا -جبکہ زخمیوں میں سات کی حالت ابھی بھی تشویشناک ہے -
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان اور وزیر اعظم احمد داؤد اوغلو نے انقرہ بم دھماکے کی ذمہ داری ترکی کی کردوں کی تنظیم پی کے کے اور شام کی کردوں کی تنظیم وائی پی جی پر عائد کی ہے -
شام کے کردوں کی تنظیم نے ترک حکام کے اس الزام کی سختی سے تردید کی ہے -
ترک حکام کا کہناہے کہ انقرہ بم دھماکے کے سلسلے میں چودہ افراد کو گرفتار کیا گیاہے