شمالی عراق پر ترکی کی گولہ باری
ترک فوج نے شمالی عراق کے صوبے نینوا میں داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے۔
عراق کی کردستان پیٹریاٹیک یونین کے ایک عہدیدار غیاث السورجی نے بتایا ہے کہ زیلکان چھاؤنی میں تعنیات ترک فوج نے ہفتے کی شب صوبہ نینوا کے مشرق میں پینتالیس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع علاقے بعشیقہ کے نواح میں داعش کے ٹھکانوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاحال اس حملے میں داعش دہشت گردوں کو پہنچنے والے جانی اور مالی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ترکی نے دسمبر دو ہزار پندرہ کے اوائل میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بہانے شمالی عراق کے صوبے نینوا کے صدر مقام بعشیقہ میں اپنے فوجی داخل کئے تھے۔
عراقی حکومت کی بار بار کی اپیلوں نیز سلامتی کونسل اور عرب لیگ کی جانب سے جاری ہونے والے بیانات کے باوجود ترکی نے شمالی عراق سے اپنی فوجوں کو باہر نکالنے سے انکار کر دیا ہے۔