Apr ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۶:۱۸ Asia/Tehran
  •  سعودی عرب نے یمن میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کی

سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے یمن میں جنگ بندی کے اعلان کے کچھ ہی گھنٹوں بعد اس کی خلاف ورزی کی ہے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے پیر کی صبح جنوبی یمن کے صوبہ تعز کے مختلف علاقوں پر بمباری کرکے ، اتوار اور پیر کی درمیانی رات سےشروع ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔

یمنی ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ عمران اور صنعا کی فضاؤں میں بھی پروازیں کی ہیں۔

ادھریمنی فوج کے ترجمان شرف غالب لقمان نے سعودی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس ،خود کو جنگ بندی کا پابند سمجھتی ہے -

انہوں نے واضح کیا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ یمن میں نئی جنگ بندی اتوار کو بارہ بجے رات سے شروع ہوئی ہے اور اس کا مقصدآئندہ ہفتےکویت میں ہونے والے امن مذاکرات کے لئے حالات سازگار بنانا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے علاقے کے بعض عرب ممالک اور امریکہ کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ میں یمن پرجارحیت کا آغاز کیا تھا جس کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ یمنی شہری شہید اور لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔

ٹیگس