سعودی عرب نے یمنی قیدیوں کی ایک تعداد کو رہا کردیا
یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے سعودی عرب کی جانب سے یمنی قیدیوں کی ایک تعداد کو رہا کئے جانے کی خبر دی ہے-
یمن کے المسیرہ نیوز چینل کے مطابق انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ مارچ کے مہینے میں تحریک انصاراللہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے کے دائرے میں، سعودی عرب نے تیس یمنی قیدیوں کو رہا کردیا ہے -
ایک اور خبر میں کہا گیا ہے کہ یمنی گروہوں کے مذاکرات کار وفد نے، یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کویت مذاکرات کے لئے ٹائم شیڈول معین کریں-
یمنی گروہوں کے مذاکرات کار وفد نے اعلان کیا ہے کہ مذاکرات اسی صورت میں جاری رہ سکتے ہیں کہ جب سعودی اتحاد یمن کے خلاف اپنے حملے بند کردے- یمن سے متعلق امن مذاکرات کا آغاز اٹھارہ اپریل سے کویت میں ہو رہا ہے-
سعودی عرب اور یمنی گروہوں کے درمیان جنگ بندی کا سمجھوتہ طے پانے کے باوجود، یمن کے مختلف علاقوں پر حملے بدستور جاری ہیں-