ترک فوج کے پی کے کے کے ٹھکانوں پر حملے
ترک فوج نے عراق کے شمالی اورترکی کےجنوبی علاقوں میں کردستان ورکرز پارٹی کے ٹھکانوں پر زبردست ہوائی حملے کئے ہیں۔
دوغان نیوز ایجنسی نے خبر دی ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران ترک فضائیہ کے طیاروں نے شمالی عراق میں اور ترکی کے حکائی علاقے میں پی کے کے یا کردستان ورکرز پارٹی کے اٹھانوے ٹھکانوں پر ایف سولہ اور ایف چار طیاروں سے بمباری کی ہے۔ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ان کارروائیوں میں کردستان ورکرز پارٹی کے کتنے لوگ مارے گئے۔
ترکی نے اس سے پہلے بھی بارہا عراق کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شمالی عراق میں کردستان ورکرز پارٹی کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے جس پر بغداد نے شدید احتجاج بھی کیا ہے۔
اس درمیان ترکی کے سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس جولائی سے شمالی عراق کے اندر اور ترکی کے جنوب اور جنوب مشرقی علاقوں میں کرد چھاپہ ماروں کے ٹھکانوں پر حملوں اور لڑائیوں کے دوران پانچ ہزار کرد چھاپہ مار ہلاک ہوئے ہیں جبکہ چار سو ترک فوجی اور سیکورٹی فورس کے اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔