May ۱۷, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • مزاحمت کے راستے پر واپس آجاؤ، حماس کی الفتح سے اپیل

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے الفتح تحریک سے مزاحمت کے راستے پر واپس آنے کی اپیل کی ہے۔

حماس کے ترجمان سامی ابوزہری نے الفتح سے اپیل کی کہ وہ صیہونی دشمن کے ساتھ لاحاصل مذاکرات کا سلسلہ ختم کر دے اور ایک قومی اصول کے تحت مزاحمت کے راستے پر واپس لوٹ آئے۔ انہوں نے فرانس کی جانب سے نام نہاد فلسطین اسرائیل امن مذاکرات کے بارے میں عالمی کانفرنس کے التوا کو مذاکراتی عمل کے لاحاصل ہونے کا ثبوت قرا ر دیا۔

انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے التوا ‎سے ثابت ہو گیا ہے کہ صہیونی دشمن کے ساتھ نام نہاد امن مذاکرات کا منصوبہ اور فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کی پالیسیاں دونوں ناکام ہو چکی ہیں۔

فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے رواں ماہ کی تیس تاریخ کو ہونے والی نام نہاد فلسطین اسرائیل امن کانفرنس کو ملتوی کر دیا ہے۔ کانفرنس کے لیے کسی نئی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ فرانس کے وزیر خارجہ جین مارک آئیرو نے اتوار کے روز مقبوضہ بیت المقدس میں صیہونی حکومت کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاھو سے ملاقات اور نہاد فلسطین اسرائیل امن کانفرنس کے انعقاد کے بارے میں بات چیت کی تھی۔

ٹیگس