فلوجہ کو آزاد کرانے کا آپریشن جاری، ایک اور علاقہ آزاد
عراقی افواج نے شہر فلوجہ کا ایک اور علاقہ آزاد کرالیا ہے
عراق کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مشترکہ کمان نے اعلان کیا ہے کہ شہر فلوجہ کے علاقے الشہدا کو داعش سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق شہدا پرعراقی افواج کے تسلط کے بعد شمالی سیکٹر سے بھی شہر فلوجہ میں داخل ہونے کا راستہ کھل گیا ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ شہر فلوجہ میں عراقی افواج اور داعش کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں ۔
بغداد آپریشن کمان نے اعلان کیا ہے کہ منگل کو شہر فلوجہ کے شمال مغربی علاقے صقلاویہ میں داعش کے مراکز پرعراقی فضائیہ کے حملے میں کم سے کم اٹھائیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ اس رپورٹ کے مطابق عراقی جنگی طیاروں نے صقلاویہ میں داعش کے تین خفیہ مراکز تباہ کر دیئے ہیں ۔
اس رپورٹ کے مطابق شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کے آپریشن کے کمانڈر عبدالوہاب الساعدی نے بتایا ہے کہ شہر فلوجہ کے جنوب میں داعش نے عراقی افواج پرحملہ کیا لیکن یہ حملہ پسپا کر دیا گیا ۔ انھوں نے بتایا کہ اس حملے میں داعش کے پچھتر دہشت گرد ہلاک ہوئے ۔