عنقریب فلوجہ پر عراقی پرچم لہرائے گا: العبادی
عراقی وزیر اعظم نے داعش کے تسلط سے فلوجہ کو آزادکرانے کی کارروائی میں کسی بھی قسم کی تاخیر اور لیت و لعل کو مسترد کرتے ہوئے یہ وعدہ کیا ہے کہ عنقریب ہی عراق کا پرچم شہر فلوجہ پر لہرائے گا-
السومریہ نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے سرکاری ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے ایک بیان میں حیدر العبادی نے کہا ہے کہ عراق کی حکومت، فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی کے تمام مراحل کا جائزہ لے رہی ہے اور اس میں کسی قسم کی تاخیر انجام نہیں پائے گی
العبادی نے یہ بیان بعض مغربی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے ردعمل میں دیا ہے - ان ذرائع ابلاغ نے یہ دعوی کیا ہے کہ عراقی وزیراعظم نے فلوجہ میں مشترکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں کمانڈروں کو حکم دیا ہے کہ وہ عام شہریوں کی موجودگی کے سبب فلوجہ کی کارروائی تاخیر سے انجام دیں
عراقی وزیراعظم نے کہا کہ فلوجہ کو آزاد کرانے کی کارروائی میں کسی بھی عام شہری کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا اوراس مسئلے پر خاص توجہ دی جا رہی ہے- انہوں نے کہا کہ عراقی قوم اور پوری دنیا فلوجہ کی مکمل آزادی کی خبر سننے کی منتظر ہے
فلوجہ شہر کو دہشت گردوں سے آزاد کرانے کی کارروائی پیر تیئیس مئی سے وزیراعظم حیدرالعبادی کے حکم پر شروع کی گئی ہے۔ اس آپریشن میں بائیس ہزار سے زیادہ فوجی، رضاکار فورس، اور قبائلی جوان شامل ہیں۔