دہشت گروہ داعش ایک شکست خوردہ مہرہ
مجلس اعلی عراق کے سربراہ نے کہا ہے کہ داعش ایک شکست خوردہ مہرے میں تبدیل ہوگیا ہے۔
الفرات ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مجلس اعلی عراق کے سربراہ سید عمار حکیم نے اپنے ایک بیان میں فلوجہ میں جاری کامیاب فوجی آپریشن کو داعش کی نابودی کا پیش خیمہ قراردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ابھی سے داعش کے خاتمے کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہوجانا چاہیے۔
سید عمار حکیم نے فوجی آپریشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ داعش ایک چلا ہوا کارتوس ہے اور اس کی حیثیت ایک شکست خوردہ مہرے سے زیادہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا دشمنوں کے مقابلے میں آج پورا عراق متحد ہے اور "متحدہ عراق" کے تصور کا انکار نہیں کیا جاسکتا۔
مجلس اعلی عراق کے سربراہ نے عراقی فورسز کے خلاف بے بنیاد پروپگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رضاکار فورس، فوج، پیشمرگہ اور قبائلی لشکرسب مل کرعراق کی مسلح افواج کو تشکیل دیتے ہیں۔ انہوں نے بدنام زمانہ دہشت گرد ابوبکر البغدادی کے اس بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہ جس میں اس نے داعشیوں کو ترکی جانے کا مشورہ دیا ہے کہاکہ داعش کے سرغنہ کا یہ بیان عراق میں اس دہشت گروہ کی شکست کی علامت ہے۔
واضح رہے کہ داعش نے امریکا اور اس کے بعض مقامی اتحادیوں خصوصا سعودی عرب اور ترکی کی مدد سے جون سنہ دو ہزار چودہ میں عراق کے بعض علاقوں پر قبضہ کرنے کے بعد بے شمار وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔