Jun ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • فلوجہ میں عراقی فوج کی پیشقدمی جاری

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان داعشی دہشت گردوں کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد، فلوجہ کے جنوبی علاقے میں داخل ہوگئے ہیں۔

بغداد میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے داعش کے دہشت گردوں کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد فلوجہ کے ایک اور محلے، البوسویط کو آزاد کرا لیا ہے۔ عراقی فوج نے علاقے کی اہم سڑکوں اور شاہراہوں پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور داعش کے باقی ماندہ عناصر کے صفائے میں مصروف ہے۔ اس سے پہلے عراقی فوج نے عوامی رضاکار فورس کے تعاون سے جنوبی فلوجہ کے علاقے حئی الشہدا دوم کو بھی داعش کے قبضے سے آزادا کرا لیا تھا۔

عراقی فوج نے تئیس مئی سے فلوجہ شہر کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لیے بڑے آپریشن کا آغاز کیا جس میں عوامی رضاکار فورس کے علاوہ سینٹرل پولیس فورس کے جوان بھی شریک ہیں۔ دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ عراقی فوج نے فلوجہ آپریشن کے اسّی فی صد اہداف حاصل کرلیے ہیں۔

ایک اور اطلاع کے مطابق عراق کے شمالی صوبے نینوا کے شہر سنجار میں داعشی دہشت گردوں اور عراقی کرد فورس کے درمیان گھمسان کی لڑائی میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ٹیگس